وزیراعظم کی امریکی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش۔ٹرمپ سے آج ملاقات ہوگی

388
واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت جاوید انور تاجروں کے ہمراہ ملاقات کررہے ہیں
واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت جاوید انور تاجروں کے ہمراہ ملاقات کررہے ہیں

واشنگٹن ( خبرایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے امریکی تاجروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔ڈیموکرٹیک پارٹی کے مؤثر رکن جاوید انور کی سربراہی میں امریکی سرمایہ کاروں کے وفد نے واشنگٹن میں عمران خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ امریکی تاجر پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ ادھر ٹیکساس میں مقیم پاکستانی تاجروں اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے ایک بااثر اعلٰی عہدیدار طاہر جاوید نے بھی واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سلامتی کی بہتر صورتحال کو سراہا اور توانائی اور سیاحت سمیت سرمایہ کاری کی دلچسپی کے دوسرے اہم شعبوں کی نشاندہی کی۔قبل ازیں واشنگٹن پہنچنے پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔عمران خان کے استقبال کے لیے موجود ہجوم نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ ڈیولز ائرپورٹ سے واشنگٹن ڈی سی تک 100 سے زائد گاڑیوں کا قافلہ بھی وزیر اعظم کو خوش آمدید کرنے کے لیے ان کے ساتھ رہا۔وزیراعظم آج وائٹ ہاؤس کا 3گھنٹے کا دورہ کریں گے جس میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات، 2 دیگر نشستیں اور امریکی صدر کی ٹیم کے ساتھ ظہرانہ شامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ وہ امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب بھی کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے خصوصی گفتگو ہو گی۔عمران خان امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے ملاقات بھی طے ہے ۔
وزیراعظم ملاقاتیں