عمران خان کے دورے سے تعلقات بحال ہونے کے دروازے کھل گئے،وائٹ ہاؤس

293

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دورے سے پاک امریکا تعلقات بحال ہونے کے دروازے کھل گئے۔ امریکی انتظامیہ کے سینئر حکام نے کہاکہ اگر اسلام آباد اپنی پالیسیوں میں کچھ تبدیلیاں کرتا ہے تو پاکستان کو ملنے والی سیکورٹی معاونت کی معطلی کے فیصلے پر امریکا نظر ثانی کرسکتا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت کو وائٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت دینے کا مقصد امریکا کا اسلام آباد کو یہ پیغام دینا تھا کہ تعلقات کی بحالی اور شراکت داری قائم کرنے کے دروازے ابھی کھلے ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ سیکورٹی معاونت کی معطلی کے خاتمے کے چند شرائط ہوں گی جس میں پاکستان افغانستان اور لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی چند تنظیموں کے حوالے سے ہماری سیکورٹی خدشات کو دور کرنا شامل ہے تاہم فی الوقت اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں
نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن سے تعلقات کی بحالی کے لیے اسلام آباد کو دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسیوں میں کچھ تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔امریکی صدر افغان امن مرحلے میں پاکستان کو معاونت کرنے پر زور دیں گے اور انہیں امید ہے کہ ان دونوں کے درمیان ہونے والی بحث سود مند ثابت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم انتہائی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں اور ہمیں پاکستان کے مزید تعاون کی ضرورت ہے، انہیں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے ہم اس دورے کو انہیں ایسا کرنے پر زور دینے کا موقع سمجھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان سے دہشت گردی اور مسلح تنظیموں کے خلاف اقدامات کرنے کا بھی کہے گا۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو افغانستان اور بھارت کے درمیان تجارت میں رکاوٹوں کو کم کرنے کا بھی کہیں گے۔
وائٹ ہائوس