قادیانی عبدالشکور نے پاکستان کو بد نام کرنے کی کوشش کی، سنی تحریک

317

 

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے میرپورخاص پریس کلب میں میٹ دی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورے سے قبل امریکا میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے قادیانی عبدالشکور نے دراصل پاکستان کو بدنام کرنے کی ناپاک کوشش کی ہے انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان ناموس رسالتﷺپر اپنی جان قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے، لہٰذا ہمارے ایمان کو بار بار نہ آزمایا جائے۔ انہوں نے پاک فوج اور موجودہ حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت میں فوج اور حکومت نے بہترین پالیسی کے تحت بھارتی جاسوس کا مقدمہ لڑا، جس کی وجہ سے بھارت کو منہ کی کھانی پڑی اور وہ اپنا مقدمہ ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا بھر میں اسلامی ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، اس لیے ایک اسلامی بلاک بنانے کی اشد ضرورت درپیش ہے۔ پاکستانی عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے ہیں تو تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ بھی فیل ہوچکا ہے کیوں کہ اس ملک میں کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے اس کی پلاننگ نہیں کی جاتی۔ 20 ہزار تاجروں میں سے صرف چند تاجر ٹیکس دیتے ہیں تو ملک کس طرح چلے گا، احتساب سب کا ہونا چاہیے اور بلا تفریق ہونا چاہیے۔ ملک سے کرپشن اور کرپشن زدہ لوگوں کا خاتمہ ہونا چاہیے جنہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کا ہرکارکن پاکستان پر اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس موقع پر سندھ کے صدر نور احمد قاسمی، مرکزی رہنما التماس صابر، سید قادری، محمد علی چشتی اور عبداللطیف قادری بھی موجود تھے۔