کوئٹہ:عدالت عظمیٰ نے وڈیو لنک کے ذریعے سماعت کا آغاز کردیا

143

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں ای کورٹس کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے اسلام آباد میں بیٹھ کر وڈیولنک کے ذر یعے کوئٹہ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کی، عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم مشتاق حسین نے حاجی علی رضا کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا تھا جس کے پیش نظر ٹرائل کورٹ نے ملزم کو 2 سال قید اور 20 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، ہائیکورٹ نے ملزم کی اپیل پر سزا برقرار رکھتے ہوئے جرمانے کی رقم 20 سے بڑھا کر
40 ہزار روپے کردی، جسٹس کھوسہ کا کہنا ہے کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد ایک خصوصی بینچ صرف وڈیو لنک سے مقدمات سنا کرے گا۔ سپریم کورٹ میں اپیل کی سماعت ہوئی تو عدالت نے ملزم کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے جرمانے کی رقم بحال کرنے کا حکم دیا۔ عدالت عظمیٰ کوئٹہ رجسٹری نے دیگر 4 مقدمات سماعت کے بعد خارج کردیے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ کوئٹہ رجسٹری میں وڈیولنک کے ذریعے پہلی مرتبہ کیسز کی سماعت کی گئی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیسز سنے، بینچ میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل تھے۔ چیف جسٹس نے وڈیولنک کے ذریعے سماعت کا اہتمام کرنے پر نادرا کے عملے کی تعریف کی، انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسامیکنزم تیار کریں گے کہ روزانہ کی بنیاد پر وڈیولنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواہش تھی کہ ای کورٹ کا آغاز کوئٹہ سے کریں مگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہمیں ای کورٹ کا آغاز کراچی رجسٹری سے کرنا پڑا۔
ویڈیو لنک