فائنل میں بہترین آپشن دونوں ٹیموں کو فاتح قرار دینا تھا، کیوی کوچ

373

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ فائنل ٹائی ہونے کی صرت میں بہترین آپشن یہ تھا کہ دونوں ٹیموں کو فاتح قرار دے دیا جاتا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ کا کہنا ہے کہ جب کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں میں پچاس اوورز کے میچ کے ٹائی ہونے کے بعد سپر اوورز میں بھی اسکور برابر ہوگیا تھا تو بہتر آپشن یہ تھا کہ دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قراردیدیا جاتا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کو سپر اوور کے بھی ٹائی ہونے کے بعد انگلینڈ کی جانب سے زیادہ باونڈریز مارنے پر اسے فاتح قراردیدیا گیا۔کیوی ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے آئی سی سی کو مشورہ دیا کہ مستقبل میں فائنل میچ میں اگر سو اوورز میں بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی چیزوں کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیے، جس کے لیے یہ صحیح وقت ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ پچاس اوورز کے کھیل کا فیصلہ ایک اوور پر کیسے کیا جا سکتا ہے؟۔

گیری اسٹیڈ اس بات پر بھی حیران تھے کہ جن قوانین کے مطابق سات ہفتے ورلڈ کپ کھیلا جاتا رہا، تو آخری دن کے لیے نیا قانون کیوں بنا؟ قانون جو بھی ہیں ہمیں ان کے مطابق چلنا پڑتا ہے، تاہم امید ہے بحث جلد ختم ہو جائے گی۔