وادی نیلم میں طوفانی بارش و سیلاب ،22 افراد جاں بحق

414

وادی نیلم میں طوفانی بارش اور سیلاب سے تبلیغی جماعت کے 18 افراد سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق مظفرآباد سے 70 کلومیٹر شمال مشرق میں وادی نیلم میں لیسوا بالا گاؤں میں کلاؤڈبرسٹ (طوفانی بارش) سے مسجد اور گھر بہہ گئے، جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مظفرآباد ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس سردار الیاس خان کے مطابق فیصل آباد سے تبلیغی جماعت اس علاقے میں آئی تھی جبکہ دیگر جاں بحق اور زخمی افراد مقامی رہائشی ہیں۔

انہوں نے بتایا جس مسجد میں تبلیغی جماعت تھی وہ مکمل طور پر بہہ گئے جبکہ دیگر 2 مساجد بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 50 گھر اور دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 100 دیگر گھروں و دکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، اس کے علاوہ طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 12 گاڑیاں بھی لاپتا ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں فکسڈ لائن یا موبائل فون کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے صحیح تفصیلات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے‘۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راجا محمود شاہد اور ایس پی آصف درانی نے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا لیکن اب تک لیسوا اور دریائے نیلم سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔

ادھر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے اپنے ایک پیغام میں واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ لاشوں کی تلاش کے لیے کوششیں برئے کار لائیں اور بچ جانے والے افراد کو ریلیف فراہم کریں۔