اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے اور یہ خود انتشار کا شکار ہیں

227

لاہور (نمائندہ جسارت) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے اور یہ خود انتشار کا شکار ہیں، کیونکہ یہ ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں اور بیک ڈور پالیسی کے ذریعے اپنے اپنے ذاتی مفادات کی کوشش میںمصروف ہیں۔ان کی حکومت مخالف تحریک عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے ۔یہ عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور ان کی ذاتی مفادات اور کرپشن سے آلودہ سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت عوامی بہبود کے تمام منصوبے تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔ حکومت شوبازیوں کی بجائے عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ہماری حکومت ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور خراب معاشی حالات کے باوجودعوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کر رہی ہے، اب وہ وقت دور نہیں جب حقیقی ترقی کا دور دورہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف اداروں کو استعمال کر رہی ہے بلکہ اپوزیشن نے جو بویا ہے وہی کاٹ رہی ہے اور اپوزیشن کا شور شرابا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔تمام ادارے آزاد ہیں اور اپنی اپنی حدود میں رہ کر اپنی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ملک قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دیں۔