راناثنا اللہ کیخلاف کیس بے بنیاد ہے،تنہا نہیں چھوڑیں گے،شہباز شریف

178

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے (ن) لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمے کے قانونی پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا ، شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف بے بنیاد کیس
درج کیا گیا ہے جو عمران نیازی کے اوچھے ہتھکنڈوں میں سے ایک ہے۔ رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے بتایا ہے کہ جیل میں ان کے شوہر کو ٹارچر کیا جا رہا ہے ،وہ ڈرنے والے نہیں بلکہ بہادر انسان ہیں ، عمران نیازی کی فسطانی سوچ سامنے آ چکی ، عمران خان قوم کو بتائیں کہ کیا ریاست مدینہ ایسی ہوتی ہے۔ رانا ثناء اللہ پر جو کیس بنایا ہے اس پر پوری قوم حیران ہے ۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ دل، شوگرسمیت دیگرامراض میں مبتلا ہیں،ان کو دوا اور خوراک کی عدم فراہمی قابل مذمت ہے ، رانا ثنااللہ کو کچھ ہوا تو ذمے دار عمران صاحب ہوں گے ، انہوں نے عمران کو مشورہ دیا کہ وہ انتقام کی آگ میں وہ کام نہ کریں جس پر کل آپ کو پچھتانا پڑے،آپ کو جیل میں بیٹھے رانا ثنااللہ سے بھی ڈرلگتا ہے،لیگی رہنما کوادویات اورخوراک کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے اخباری تراشوں پر مبنی اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کو نالائق اعظم قرار دے دیا ہے۔