وفاداریاں تبدیل کرنے والے ہی سیاست و جمہوریت کے ناسور ہیں،لیاقت بلوچ

243

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی وفاداریا ں تبدیل کرنے والے ہی سیاست اور جمہوریت کے ناسور ہیں،ملک میں بدترین سیاسی ، معاشی ، سماجی بحران گہرے ہورہے ہیں ، حکومت اپوزیشن کے سب افراد کو گرفتار بھی کر لے تو پھر بھی گڈ گورننس کا قیام اور اقتصادی بحران کا خاتمہ نااہلوں سے ممکن نہیں ، سیاسی ناکامیوں پر ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کا دامن بچارہتاہے لیکن اس مرتبہ حکومت اور ریاست دونوں دائو پر لگے ہوئے ہیں ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی ، بے روزگاری کے خاتمے اور پیداواری لاگت میں کمی کا علاج کرنے کے بجائے جان بوجھ کر انتظامی اور سیاسی بحران انجینئرڈ کر رہی ہیں، تاجر برادری کے ملک گیر احتجاج کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں، آئی ایم ایف کا مسلط کردہ بجٹ منظور نہیں، جماعت اسلامی گوادر میں بجلی اور پانی کے بحران پر شدید احتجاج کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات اور بلوچستان کے طلبہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کا مسئلہ سرکار اور سردار کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے ہے ۔ بلوچستان کے عوام ، نوجوان اور طلبہ محب وطن ہیں ۔ باعزت اور باوقار زندگی چاہتے ہیں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے تعلیم ، صحت ، روزگار اور عدم تحفظ کا بحران بڑھتا ہے اس خلا میں ملک دشمن قوتیں اپنا کھیل کھیلتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی گوادر میں بجلی اور پانی کے بحران پر شدید احتجاج کرتی ہے ۔ عمران خان دعوے اور اعلانات کے بجائے گوادر کے عوام کے دکھ درد دور کریں ۔ لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سیاسی وفاداریا ں تبدیل کرنے والے ہی سیاست اور جمہوریت کے ناسور ہیں ۔ وفاداریاں بدلنے والے تو بے شرم ہیں لیکن انہیں قبول کرنے والے بڑے بے شرم اور ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھ رہے ایسے حربے کبھی کسی کو راس نہیں آئے ۔