کرپشن کے خاتمے کیلیے نیب افسران کی تربیت ناگزیر ہے، فرمان اللہ

248

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیورو بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل فرمان اللہ نے کہا ہے کہ نیب افسران کی جدید خطوط پر ٹریننگ کرپشن کے خلاف کامیابی کے لیے ناگزیر ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار، لگن اور دیانت احتساب کا بنیادی فلسفہ ہے، اجتماعی دانش کے نظریے پر تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیموں کے نظام کی بدولت بے لاگ احتساب کے اہداف کا حصول ممکن ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ نے نیب افسران کیلیے منعقد ٹریننگ کورسز کے افتتاحی سیشن سے خطاب
کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی نے جہاں انسان کیلیے سہولیات کا سامان پیدا کیا وہیں ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ اور سائنس کی ترقی سے کرپشن کے بھی نت نئے طریقے سامنے آرہے ہیں جس کے باعث وائٹ کالر کرائم اور کرپشن کے جدید طریقوں کو سمجھنے کیلیے نیب افسران کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ نیب بلوچستان کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور دور حاضر کی کرپشن کو سمجھنے کیلیے تربیتی کورسز کرپشن کیسزکی کامیابی سے تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے۔ ڈی جی نیب بلوچستان نے بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ایک جہاد ہے۔ قومی احتساب بیورو چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے وژن کی روشنی میں ملکی سطح پر بدعنوانی کے خلاف اس جہاد میں صف اول میں اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہا ہے۔ ڈی جی نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلیے اعلیٰ اخلاقی اقدار، دیانت اور لگن کے فلسفے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیب کے تفتیشی افسران ان اوصاف کو اپنی عملی زندگی میں لا کر بدعنوانی کے عفریت کے خلاف بے لاگ احتساب کی تٖفویض شدہ قومی ذمے داریوں کو بحسن خوبی پورا کر سکتے ہیں۔
فرمان اللہ