عمران خان طاقتور اداروں کی حمایت کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دے پائے،لیاقت بلوچ

268

سوات ( نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریاست کے طاقت ور اداروں کی مکمل حمایت کے باوجود عمران خان گڈ گورننس اور عوام کو ریلیف نہیں دے پائے ۔ تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہے ۔ وژن ، تیاری اور اہل ٹیم کے بغیر ملک کو معاشی ، سیاسی ، سماجی ، تہذیبی بحران کا شکار کر دیا ہے ۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں آئی پی ایل ایف کی اقتصادی ٹیم کو مدعو کر کے حکومتی ناکامی کو فائنل کال دے دی ہے ۔ جماعت اسلامی کے تحت لاہور ، فیصل آباد کے بعد کراچی میں عوامی مارچ کامیاب رہا ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر آ کر جدوجہد کی ہے ۔ ماضی کی فوجی اور جمہوری حکومتوں کی ناکامی کی طرح پی ٹی آئی نے مایوس کردیاہے ۔ قومی سلامتی اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ، ملک بحرانوں سے نکل آئے گا ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں کارکنان کے ضلعی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاک افغان کرکٹ میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں خوب کھیلیں ۔ جیت پاکستان کا مقدر بنی ۔ افغان کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے لیکن اسٹیڈیم میں افغان تماشائیوں کی جانب سے رویہ قابل افسوس ہے ۔ پاکستان نے افغان عوام کی خدمت ایمانی و انسانی بنیادوں پر کی ہے لیکن امریکا کے ذہنی غلام حکمرانوں اور ملک کے سیکولر اور بھارت نواز پالیسی سازوں و دانشوروں نے افغان عوام کو منفی پیغام دیے ۔ پاکستان اور افغانستان یک جان دو قالب ہیں ، دشمن کو نفرتوں کی دیوار کھڑی نہیں کرنے دیں گے ۔