وزیراعظم کا قوم سے بار بار خطاب بے بسی کی تصویر ہے‘ لیاقت بلوچ

287

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بار بار عوام سے خطاب بے بسی اور بے رنگ ہوگیاہے ۔ حکومت کو عمل سے کوئی نہیں روک رہا ، حکومت نے ہر کام میں تاخیر کی ہے ۔ کورونا وبا حکومتی تاخیری تدابیر ، ناقص و ناکافی میڈیکل سہولیات اور طو یل لاک ڈائون کی وجہ سے عوام و سماجی ، اقتصادی ، نفسیاتی ، معاشرتی محاذ پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ ریاستی نظام میں تعلیم کی سہولیات تو پہلے ہی ناکافی تھیں ، کورونا وائرس سے یہ حقیقت بھی بے نقاب ہوگئی کہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال بہت بری ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہمہ گیر نظام اور تیاری نہیں کرتا اور حکومتوں کی نااہلی ، عدم فعالیت اور کرپشن سونے پر سہاگہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ اسلامی نظریہ ، امانت و دیانت دل اور عمل سے قبول کیا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پارلیمنٹ ، ریاست اور قومی قیادت قومی ترجیحات کا لائحہ عمل بنائے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی ، سابق ارکان اسمبلی ڈاکٹر فرید احمد ، میاں محمد اسلم ، صاحبزادہ طارق اللہ ، صاحبزادہ محمد یعقوب ، محمد حسین محنتی ، شبیر احمد خان ، صابر حسین اعوان ، حافظ سلمان بٹ ، حاجی جاوید اقبال چیمہ ، مولانا اسد اللہ ، مولانا فضل سبحان ، سید بختیار معانی ، ڈاکٹر عطا الرحمن ،محمد لئیق خان ، مولانا عبدالمالک ، عائشہ منور ، سمیحہ راحیل قاضی اور عائشہ سید سے ٹیلی فون پر گفتگو اور کورونا وبا اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کی سرگرمیوں کے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار جذبہ ایمانی ، انسانی خدمت اور مستحق افراد کی مدد کے لیے مقدو ر بھر جدوجہد کررہے ہیں ۔ تمام صوبوں ، اضلاع ، تحصیلوں اور محلوں کی سطح پر وسیع نیٹ ورک فعال ہے ۔ کارکنان عوام کو رجوع الی اللہ ، توبہ و استغفار اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کر رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ وہ انسانوں پر اپنی خاص رحمت و کرم سے جلد کورونا وبا سے نجات عطا فرمائے گا ۔