کوہ پیماؤں کی تلاش: جدیدآلات کی مددسے آج دوبارہ آپریشن شروع

474

اسکردو: محمدعلی سدپارہ سمیت دیگر دو کوہ پیماؤں کی تلاش میں جدید آلات کی مدد سے آج دوبارہ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز آپریشن خراب موسم کے باعث شروع نہیں کیا جاسکا تھا۔

تفصیلات کے مطابق  ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان محمد علی رندھاوا کے مطابق علی سدپارہ سمیت دیگر دو لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کا عمل آج دوبارہ شروع کردیا گیا  ہے  اور آج سرولینس طیارے کے ذریعے لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کیا جائے گا  جبکہ کوہ پیماؤں کی زمینی تلاش کے لئے ہائی پوٹرز بھی بیس کیمپ میں موجود ہیں۔

ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ طیارے میں فلر سسٹم نصب ہے اور انفرڈ ریڈار ٹیکنالوجی کو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ سرچنگ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو جدید کیمرے فراہم کر دیئے گئے ہیں اور آج موسم میں بہتری کی امید ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھی موسم صاف نہ ہونے کے سبب ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہوسکا تھا جبکہ علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ نے والد کے زندہ بچ جانے کی امید چھوڑ دی ہے۔

دوسری جانب اسکردو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد  سدپارہ کا کہنا تھا کہ اب ان کے والد کے زندہ بچنے کے چانسز نہ ہونے کے برابر ہیں اور ساجدسدپارہ نے مزید کہا کہ اُن کے والد کی میت کی تلاش کے لیے سرچ آپریش کیا جانا چاہیے۔

یاد رہے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ سمیت دو غیر ملکی کوہ پیما کے ٹو کی سرمائی مہم جوئی کے دوران 5 فروری سے لاپتہ ہیں جبکہ علی سد پارہ سمیت 2 غیرملکی کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور سرچ آپریشن میں علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کےٹو پر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے اور لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش آج دوبارہ شروع کی جائے گی جبکہ گزشتہ روزموسم کی خرابی کےباعث فضائی ریسکیوآپریشن روک دیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم میں بہتری کی امید ہے اور کے ٹو پر برفباری رک چکی ہے  جبکہ موسم ابرآلود اور سرد ہے ، برفیلی ہواؤں کادباؤ بدستور موجود ہے اور درجہ حرارت آج بھی منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈتک گرچکا ہے۔