“ہولوکاسٹ کی طرح گستاخی رسول ﷺ پر بھی پابندی لگائی جائے”

441

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی قانون کے تحت لگائی، نبی ﷺ کی شان میں توہین برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بیرون ممالک رہنے والوں پر ایک بات واضح کردوں کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی انسداد دہشت گردی قانون کے تحت لگائی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹی ایل پی نے ریاستی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے تشددکا راستہ اپنایا ، لوگوں اور سکیورٹی فورسز پر حملے کیے۔ کوئی بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا پیغام ان بیرون ممالک میں بیٹھے انتہا پسندوں کے لیے ہے جو اسلامو فوبیا اور نسل پرستانہ سلوک میں ملوث ہیں اور دنیا کے 13 سو ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ مسلمان حضور اکرم ﷺ سے سب سے زیادہ محبت اور احترام کرتے ہیں۔ ہم اپنے نبی ﷺ کی شان میں توہین برداشت نہیں کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مغرب کے باشندے اور دائیں بازو کے سیاستدان جو اس میں ملوث ہیں اور اسے آزادی اظہار رائے قرار دیتے ہیں وہ اخلاقیات سے عاری ہیں۔ انہیں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے پر معافی مانگنی چاہیے۔ ہم انتہا پسندوں سے معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں مغربی حکومتی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جس طرح مغرب نے ہولوکاسٹ پر کسی بھی منفی تبصرے پر پابندی لگائی ہے، نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے لیے بھی یہی معیار اپنا جائے۔