بھارت: سومناتھ مندر کے قریب محمود غزنوی کی تعریف کرنے پر مسلم گرفتار

486

احمد آباد: سومناتھ مندر کے قریب کھڑے ہوکر محمود غزنوی کی تعریف کرتے ہوئے ویڈیو بنانے والے ارشاد رشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارشاد رشید نے 2019 میں سومناتھ مندر کے قریب یہ ویڈیو بنایا تھی جو اب وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے محمود غزنوی کی تعریف میں کلمات کہے تھے تاہم گرفتاری کے بعد ارشاد نے معافی مانگ لی ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں سمندر کے کنارے کھڑے ہوکر اور سومناتھ مندر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج غزنوی کو چور ڈاکو کہا جاتا ہے جو کہ غلط ہے۔ اسلام کی تاریخ میں محمود غزنوی کا نام فخر سے لیا جائے گا۔ یہ وہ مندر ہے جس کو محمود غزنوی اور محمد قاسم نے فتح کیا۔ قاسم نے اپنی فوج کے ساتھ خطوں کو عبور کیا اور ہندوستان کو فتح کیا۔ یہ وہ سمندر ہے جو پاکستان کو ہندوستان کے ساتھ جوڑتا ہے۔ ارشاد نے یہ ویڈیو گجرات کے تاریخی سومناتھ مندر سے ڈیڑھ کلومیٹر دور رہتے ہوئے بنائی تھی۔

ویڈیو کو دیکھ کر سومناتھ ٹرسٹ کے منیجر وجے سنگھ چوڑا نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ اس شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ارشاد کو پانی پت سے گرفتار کیا۔ تاہم پولیس نے سرکاری طور پر اس معاملے میں ابھی تک کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔