مغرب نواز طبقے کا نزلہ ہمیشہ دینی مدارس پر گرتا ہے،مولانا انوا ر الحق

159

اسلام آباد (صباح نیوز) دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم اور وفاق المدارس کے نائب صدر مولانا انوا ر الحق نے کہا ہے کہ مغرب نواز طبقے کا نزلہ ہمیشہ دینی مدارس پر گرتا ہے، مدارس ملک کی سب سے بڑے این جی اووز ہیں جو فلاحی اداروں کے طورپر لاکھوں نوجوانوں اور بچوں کی مفت تعلیم و تربیت اور ضروریات کا اہتمام کررہے ہیں۔دارالعلوم حقانیہ کی سالانہ مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام اور مغربی طاقتیں تحفظ ختم نبوتؐ کے قانون کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں ، توہین رسالت سے متعلق آئینی رکاوٹوں کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مغرب اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کے تشخص اور تہذیب اسلامی کا سرچشمہ دینی مدارس ہی کو سمجھتی ہیں اس لیے ان کا ایجنڈا پاکستان کے دینی تعلیم اور تربیت کے ان مراکز کو بدنام کرانا اور مسلمانوں کا اعتماد ان اداروں سے توڑنا ہے جبکہ موجودہ دباؤ اسی کا نتیجہ ہے۔