وفاقی حکومت نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا

628

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے  وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا  فیصلہ کرلیا، وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے 40 ارب روپے سے زائد رقم مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پرویز خٹک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ ہماری وفاقی حکومت کے گریڈ 1تا 16 کے ملازمین کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے  اور اکثر معاملات پر بات طے پا گئی ہے،ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کے ہمراہ صوبائی ملازمین کے وفود بھی مذاکرات میں شریک ہوئے، جن کی خواہش تھی کہ ان کا فیصلہ بھی ہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کے معاملات ہمارے اختیار میں نہیں، وزیر دفاع پرویز کا خٹک کا کہنا تھا وفاقی اداروں کے ملازمین سے بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہے تمام صوبائی وزرائے اعلی سے درخواست کرتا ہوں وہ اپنے ملازمین سے تنخواہوں کے بارے میں مذاکرات کریں۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ  وفاقی حکومت کے ملازمین کو مراعات دینے سے متعلق منگل کو (کل) اہم فیصلہ کرے گی، صوبائی ملازمین کی تنخواہیں ہمارے اختیار میں نہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے 40 ارب روپے سے زائد رقم مختص کرنے کے فیصلہ کیا ہے وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج چار بجے ہوگا جبکہ صوبوں سے آئے ملا زمین نے بھی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے تک احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔