چینی اور بھارتی فوجیوں میں تازہ جھڑپیں ، کئی اہلکار زخمی

345

 

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع سے متعلق جاری مذاکرات کے دوران ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ بھارتی میڈیا نے ملٹری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سکم میں ناکو لا کے سرحدی مقام پر ہونے والی جھڑپ میں دونوں طرف کے کئی فوجی زخمی ہوئے۔ چینی فوجیوں نے بھارتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر جھڑپ ہوئی،تاہم اس دوران ہتھیار استعمال نہیں کیے گئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا سکم میں تصادم سے متعلق سوالات کیے جا رہے ہیں۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ 20جنوری کو معمولی جھڑپ ہوئی تھی ، جسے مقامی کمانڈروں نے سنبھال لیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کو مبالغہ آرائی سے گریز کرتے ہوئے صرف حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرنی چاہیے ۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ تصادم کے نتیجے میں چین کے 20 اور بھارت کے 4فوجی زخمی ہوئے ،تاہم فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال مشرقی لداخ میں 15جون کو دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی ، جس میں 20بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے ۔ اس وقت بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین کے 40 کو ماردیا گیا ہے۔