امریکا کی جنوبی افریقا سمیت کئی ممالک پر سفری پابندیاں

298
بائیڈن سفری پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کررہے ہیں

 

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے برازیل اور یورپ کے اکثر ممالک کے ساتھ جنوبی افریقا کے شہریوں کے بھی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ وائٹ ہاوس کے ایک عہدے د ار نے بتایا امریکا میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے تناظر میں پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جانے سے قبل اعلان کیا تھاکہ برازیل اور کئی یورپی ممالک سے آنے والے مسافروں پر سے پابندی ہٹا لی جائے گی۔ ٹرمپ کا حکم 26جنوری سے نافذ ہونے والا تھا۔،تاہم لیکن بائیڈن انتظامیہ نے مخالفت کرتے ہوئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ برس 31جنوری کو غیر امریکیوں کے چین سے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔ 14 مارچ کو اس پابندی میں وسیع کرتے ہوئے یورپی ممالک کو بھی اس میں شامل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب جرمنی نے بھی غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا،جس کے تحت تمام مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا لازمی ہو گا۔ جرمن حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور سازشی گروہ کورونا ویکسین تیار کرنے والی جرمن کمپنیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں ہیں۔ ادھر اسرائیلی حکومت نے ملک میں کورونا وبا کے تیزی کے ساتھ پھیلائو کی روک تھام کے سلسلے میں ایک ہفتے کے لیے بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کردیا ۔ اسرائیلی حکومت کم عمر افراد کو ویکسین لگانے کی مہم شروع کر رہی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تل ابیب طرف سے 90لاکھ کی آبادی میں 25 افراد کو ویکسین فراہم کیے جانے کے باوجود وبا کے پھیلاؤ میں غیرمعمولی تیزی دیکھی گئی ہے۔