پی سی بی کا آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلیے درخواست دینے کا فیصلہ

467

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اکتوبر، نومبر تک آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دے دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 14سال بعد ساؤتھ افریقہ کا پاکستان میں کھیلنا جذباتی لمحہ ہے جبکہ فینز کیلئے یہ تاریخی اور یادگار لمحات ہیں اور پاکستان کرکٹ کو دنیا بھر میں پزیرائی مل رہی ہے۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی کی وجہ سے مایوسی ہونا فطری بات ہے لیکن پاکستان کرکٹ بہتری کی جانب گامزن ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ اب پوری طرح بحال ہوچکی ہے اس لیے اکتوبر، نومبر تک آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کی درخواستیں دے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی گورننس کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ سیزن مکمل کرنیوالا پاکستان دنیا کا واحد بورڈ ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بہتری لارہے ہیں۔

وسیم خان کا  کا مزید کہنا تھا کہ 6 ایسوسی ایشنز کے اگلے ماہ اسپانسرز مکمل ہوجائیں گے، دو سے تین ہفتوں میں ایسوسی ایشنز کی کمیٹیوں کا اعلان کردیا جائے گا اور کلب کرکٹ کی سرگرمیاں باقاعدہ شروع کررہے ہیں اور اس کے لیے رجسٹریشن کررہے ہیں جبکہ 20 فروری سے لیگ شروع ہورہی ہے۔