لاہور: موسم کی خرابی کے باعث فضائی آپریشن معطل

410

لاہور میں موسم کی خرابی اور طیاروں کی تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے، جس کے باعث متعد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار اور منسوخ ہوئی ہیں۔

لاہور ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ملکی و غیر ملکی 15 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جبکہ 7 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے 204 منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ نجی ایئر لائن کی ابو ظہبی سے آنے والی پرواز بھی منسوخ ہوئی ہے۔

پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز پی کے 306 اور قومی ایئر لائن ہی کی دبئی جانے والی پرواز پی کے 203 منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز پی کے 307 اور نجی ایئر لائن کی ابو ظہبی جانے والی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے گزشتہ ہفتے بھی  فضائی آپریشن معطل ہونے کے باعث اندرون اور بیرونِ ملک آنے جانے والی 19 پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور 16 تاخیر کا شکار ہو گئیں جبکہ دھند کے باعث بیرون ممالک سے لاہور آنے والی پروازوں کا رخ تبدیل کردیا گیا اور 3 پروازوں کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اتاردیا گیا۔

دوسری جانب کراچی آنیوالی ٹرینیں دھند کے باعث 3 سے 9 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں جبکہ پنجاب اور سندھ میں دھند کے باعث ریلوے آپریشن شدید متاثر ہوگیا  ہے اورترجمان ریلویز کا کہناہے کہ مسافر اسٹیشن آنے سے پہلے ریلوے انکوائری سے معلومات لیں۔