چین نے کئی ممالک سے پروازیں معطل کردیں، بھارت میں ویکسین سے پیچیدگیاں

235

بیجنگ/ نیویارک/ نئی دہلی/ ماسکو/ انقرہ/ جنیوا/ اوسلو (خبر ایجنسیاں) چین نے کئی ممالک سے پروازیں معطل کردیں‘ بھارت میں ویکسین لگوانے والے افراد میں پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں‘ ناروے میں ویکسین لگوانے والے23 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز (پی آئی اے)، ائر چائینہ، ترکش ائرلائنز، مصر کی ائر لائنز اور سیچوائن ائر لائنز کی چین آنے والی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ چین سول ایویشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق آنے والی پروازوں کے 10 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ نئی پالیسی کے تحت اگر 5 مسافروں تک کورونا وائرس سے متاثر ہوں گے تو پھر ایک ہفتے سے2 ہفتے تک یہ پروازیں معطل کی جائیں گی‘ اگر متاثرین کی تعداد 10 تک پہنچتی ہے کہ تو ایسی پرواز کو 4 ہفتے تک کی معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیںبھارت میں کورونا وائرس کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی ویکسین مہم کا آغاز ہوگیا جبکہ ویکسین کی خوارک لینے والوں میں ایک شخص شدید متاثر اور دیگر51 میں معمولی طبی پیچیدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کورونا وائرس ویکسین سے پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی خوراک لینے والے 22 سالہ سیکورٹی گارڈ کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ویکسینیشن کے بعد سیکورٹی گارڈ کے سر میں درد، الرجی، سانس کی تکلیف شروع ہوگئی تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہلی میں صرف ایک ہی شخص کو اسپتال میں داخل ہونا پڑا جبکہ باقی51 کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی‘ انکو محض مشاہدے کے لیے روکا گیا تھا‘ ملک بھر میں 3 ہزار 352 سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں اب تک تقریباً 2 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔ ناروے میں کورونا ویکسین لگوانے کے بعد23 افرادہلاک ہوگئے‘ جنکی عمریں 80سے90 سال کے درمیان تھیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ناروے میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے فائزر کی ویکسین استعمال کی جارہی ہے اور اب تک33 ہزار لوگوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے۔نارویجن حکومت نے تنبیہ کی ہے کہ کورونا ویکسین بزرگ اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق 23 میں سے 13ا فراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق یہ افراد کورونا ویکسین کے عمومی سائڈ ایفیکٹس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہارگئے۔ مہلک وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 20 لاکھ 30924 ہو گئیں‘ مثبت کیسز9 کروڑ49 لاکھ سے تجاوز کرگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں405261، کیسز2 کروڑ43 لاکھ6 ہزارہو گئے ‘بھارت کورونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتیں 152311 ہو گئیں‘ کیسز 1کروڑ 5 لاکھ 58 ہزار سے بڑھ گئے ‘روس میں 65085 افراد لقمہ اجل بن گئے ،کیسز کی تعداد35 لاکھ44 ہزار تک پہنچ گئی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر ہجرت کرنے والوں کی شرح تقریباً 30 فیصد تک کم ہوئی اور2019ء سے 2020ء کے دوران متوقع تعداد سے20 لاکھ کم افراد نے اپنے ملکوں کو چھوڑا ۔