اقوام متحدہ ،فلسطین کی حمایت میں 4 قراردادیں منظور

508

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین کے پُرامن حل کی حمایت میں کثرت رائے سے قرارداد کے ساتھ مجموعی طور پر 4 قراردادیں منظور کرلی گئیں۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنرل اسمبلی میں منظور ہونے والی قرار دادوں میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے پُرامن ذرائع کے استعمال پرزور دیا گیا۔ قرار داد کی حمایت میں 145 اور مخالفت میں 7 ووٹ ڈالے گئے، جب کہ 9 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ اس موقع پر ایک اور قرارداد منظور کی گئی، جس میں ذرائع ابلاغ کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے پُرامن حل کی مہمات کے فروغ پر زور دیا گیا۔ اس قرارداد کی حمایت میں 142 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ 8 ارکان نے اس کی مخالفت کی اور 11 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کے حقوق ناقابل تصرف ہیں۔ اس قرارداد کی حمایت میں 91 ارکان نے ووٹ ڈالا، 17 ممالک نے مخالفت کی اور 54 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ ’’فلسطینی قوم کے حقوق عمومی امانت ہیں‘‘ کے عنوان سے پیش کردہ قرارداد کی 82 ممالک نے حمایت کی، 25 نے مخالفت میں ووٹ ڈالا اور 53 نے رائے شماری میںحصہ نہیں لیا۔ اس موقع پر وادی جولان پر اسرائیلی قبضے خلاف قرارداد پیش کی گئی۔ اس قرارداد کی حمایت میں 88 ممالک نے رائے دی۔ 9 ارکان نے مخالفت کی اور 62 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ دوسری جانب اردن کے وزیر خارجہ ایمان صفدی نے اسرائیلی ہم منصب گبی اشکنازی سے ملاقات کی ہے۔ صفدی نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔