ایران نے تیل بردار جہاز پکڑلیا،عملہ گرفتار

167

تہران/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے پاسداران انقلاب نے پاناما کے پرچم بردار ایک جہاز کو روک لیا ہے۔ پاسداران کے ترجمان نے ایرانی نیوز ایجنسی فارس کو بتایا کہ اس جہاز پر تقریباً 3 لاکھ لیٹر تیل غیر قانونی طریقے سے اسمگل کیا جا رہا تھا۔ جہاز پر موجود غیر ملکی عملے کے 10ارکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم اس کارروائی کا وقت اور عملے کی شناخت کے حوالے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب ایران کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی ایلوٹ ابرامز نے امریکی الزام دھراتے ہوئے کہا ہے کہ تہران خطے میں انارکی اور دہشت گردی پھیلانے کا تہیہ کر چکا ہے اور القاعدہ تنظیم کے ساتھ اس کا مضبوط تعلق ہے۔ العربیہ انگریزی کو انٹرویو میں ابرامز کا کہنا تھا کہ ایران مشرقِ وسطیٰ کو انارکی، عدم استحکام اور دہشت گردی سے دوچار کرنے کے درپے ہے، اور وہ القاعدہ کے عناصر کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، جو خود مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ابرامز نے زور دے کر کہا کہ ایران یا اس کی ملیشیاؤں کی جانب سے امریکی شہریوں پر کسی بھی حملے کا امریکا منہ توڑ جواب دے گا۔ امریکی نمایندے کا کہنا تھا کہ ہم یہ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ ایران خطے میں خطرناک کارروائیوں میں ملوث ہے۔ عراق میں ہم نے یہ واضح طور پر دیکھ لیا ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ ایران کو روکنے کے لیے ہمارے سامنے تمام آپشن زیر غور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن ایرانی خطرے کے خلاف کام کر رہا ہے اور تہران پر مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی۔