پیمرا نے اختیار سے تجاوز کیا تو کارروائی ہوگی، عدالت عظمیٰ

178

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے لائسنس اجراء پر خلاف قانون اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر پیمرا کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ عدالت عظمیٰ میں پیمرا کیخلاف پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کی اپیل پر سماعت ہوئی، پی بی اے کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیے کہ پیمرا نے پی بی اے کی درخواست کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مسترد کردیا، پیمرا قانون کی 8 ذیلی شق 5 کے تحت پیمرا کا ہر رکن انفرادی حیثیت میں رائے دینے کا پابند ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پیمرا کو ثابت کرنا ہوگا کہ لائسنس کے اجرا کے معاملے پر پیمرا کے تمام ارکان نے انفرادی حیثیت سے رائے دی، دیکھنا ہوگا کہ پیمرا نے قانون سے تجاوز تو نہیں کیا؟ اگر ایسا ثابت ہوا تو پیمرا کیخلاف کارروائی ہوگی۔ عدالت عظمیٰ کے استفسار پر پیمرا کے وکیل مدثر خالد عباسی نے حکام سے رائے لینے کیلیے مزید مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔