آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ : حفیظ اور شاہین کی ترقی

1313

کراچی: انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلےباز محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کی آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں ترقی ہوگئی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والی 3 میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابر رہی جبکہ انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔

آئی سی سی عالمی ٹی 20 رینکنگ میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ  چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

انگلینڈ کیخلاف سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27درجے ترقی پاکر ٹی 20 کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے  بازوں میں شامل ہوکر 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ  کی فہرست میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔

کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں باؤلنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے،بائیں ہاتھ کے باؤلر 14 درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں 20ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

سیریز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب خان ایک درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں آٹھویں بہترین باؤلر بن گئے،عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہم وطن  عماد وسیم اور شاداب خان کے درمیان اب صرف 14 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔