وزیراعظم کا جشن آزادی پر قوم کے نام پیغام

363

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا جشن آزادی کے موقع پر کہنا ہے کہ آج کا دن بابائے قوم کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کا دن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن قائد کے نظریے پرعمل پیرا ہونے کیلئے عہد اور وطن کیلئے جان قربان کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 70سال میں ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، قوم کے بیٹوں نے دھرتی ماں کے دفاع کیلئے قربانیاں دیں، ہم آج عہد کرتے ہیں کہ ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے “ریاست مدینہ” کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا ہے، اللہ تعالٰی ہمارے ملک کی تعمیر نو کے لئے ہمیں کامیابیاں عطا فرمائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ “اتحاد،ایمان اورتنظیم”کی مشعل راہ سے ہرچیلنج کامقابلہ کریں گے، ایسا نظام حکومت بنائیں گے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ہو،ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کشمیریوں کے لیے کہا کہ آج کے دن ہمارا دل مقبوضہ کشمیر میں اپنے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے، مقبوضہ وادی میں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرہ جاری ہے جبکہ کشمیری بھائیوں کو بھی آزادی ملے تا کہ تقسیم کے مقصد کی تکمیل ہوسکے۔