گلگت سے دو بھارتی جاسوس گرفتار

737

گلگت میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 2 بھارتی جاسوسوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت میں سیکیورٹی فورسزنے بھارت سے لائن آف کنٹرول کراس کرکے پاکستانی میں جاسوسی کی غرض سے آنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

گلگت پولیس نے دونوں بھارتی جاسوسوں کو میڈیا کے سامنے پیش کردیاہے،بھارتی جاسوس کی شناخت مشتاق وانی اور فیروز احمد لون کے ناموں سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) مرزا حسن نے بتایا کہ دونوں بھارتی جاسوسوں کو بھارت نے زبردستی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کراس کرایا تھا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جاسوسوں نے بھارتی عزائم سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی جاسوسوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  ہم اس کام کیلئے بالکل تیار نہیں تھے  ،ہمیں ڈرایا گیا کہ اگر آپ نے ہمارے لیے کام نہ کیا تو ہم آپکو اور فیملی کو ماردیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں کہا گیا اگر آپ پاکستان گئے تو ہم آپکی فیملی کی مالی امداد کریں گےجس پر ہم کام کرنے کو تیار ہوگئے۔

ملزمان نے بتایا کہ بھارتی آفیسرز کی جانب سے ہمیں ایک لاکھ روپے بھی دیے گئےاور باقی مشن مکمل ہونے پر 10 لاکھ دینے کا وعدہ کیا گیا۔