ن لیگ اور پیپلز پارٹی بظاہر مخالف مگر اندر سے ایک ہیں‘شہباز گل

191

اسلام آبا د ( آن لائن )وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی بظاہر 2 مخالف مگر اندر سے ایک ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نیب میں پیشی کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ موروثی سیاست اور کرپشن دونوں جماعتوں میں قدر مشترک ہے، اوپر اوپر سے جتنی مخالفت کریں کرپشن کے محاذ پر دونوں کا نظریہ بالکل ایک ہے۔ٹی ٹیز اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے باہر بجھوائے گئے پیسے اور ان سے خریدی گئی جائدادوں سے یہ انکار نہیں کر سکتے،مراد علی شاہ نے بطور وزیر خزانہ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے 53 ارب روپے صرف اومنی گروپ کو قرض دلوادیا تھا۔انہو ںنے کہا کہ کرپشن کے لیے ایسے طریقے اختیار کیے گئے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے، شاہ صاحب نے سندھ بینک کے ٹوٹل ادا شدہ سرمائے سے زیادہ صرف اومنی کو قرض دے دیا اور درجنوں بار ری شیڈول بھی کروا دیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا مراد علی شاہ نے جعلی اکاؤنٹس کو مینج کرنے کے لیے ایک الگ بینک بھی بنا ڈالا، طریقہ واردات یہ تھا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے لوٹ مار کا پیسہ باہر بھیجو اور پھر قانونی چینل سے واپس منگوالو، میاں صاحب نے لوٹ مار کی دولت کے تحفظ کے لیے 1992ء میں قانون بنا دیا تھا، قانون یہ تھاکہ باہر سے جو بھی پیسہ لائے گا اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوگی، نیب اور قانون ان سے پوچھ رہا ہے کہ بتائیں یہ دولت کے انبار کن ذرائع سے اکھٹے کیے، قانون کے مطابق آپ جس دولت اور جائداد کے حلال ذرائع نہ بتا سکیں وہ کرپشن کے زمرے میں آتی ہے۔