بھارت میں ایک اور طوفان کا خطرہ ،ممبئی میں ہائی الرٹ

432

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں طاقت ور سمندری طوفان امفان کے بعد ایک اور طوفان کے خطرات سر پر منڈلانے لگے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ’نیسرگ‘نامی طوفان نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں مہاراشٹر اور گجرات کے لیے نئی مصیبت کھڑی کردی ہے۔ ماہرین کے مطابق خلیج عرب سے اٹھنے والا طوفان نیسرگجلد ہی مہاراشٹر اور گجرات کے ساحلی علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے خلیج عرب میں بننے والے دباؤ کے پیش نظر انتباہ جاری کیا ہے کہ طوفان ابتدا میں سائیکلون اور پھر سپر سائیکلون میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ طوفان بھارت کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی کے ساحلی علاقوں سے ٹکراکر بڑی تباہی پھیلا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ممبئی سے ٹکرانے کے بعد گجرات اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ دمن کے ساحلی علاقوں کی طرف پہنچے گا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے سے بات چیت کی ہے۔ دونوں ریاستوں میں دوران نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی 31ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ممبئی میں اس سے قبل 1882ء میں زبردست سمندری طوفان آیا تھا۔ این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل ایس این پردہان کا کہنا تھا کہ نیسرگ خطرناک طوفان ہے اور اس کے دوران 100کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ احتیاطی طور پر مہاراشٹر اور گجرات کے ساحلی علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 21مئی کو خلیج بنگال میں آئے سپر سائیکلون امفان نے مغربی بنگال میں زبردست تباہی مچائی تھی،جس کی وجہ سے صرف مغربی بنگال میں 13ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ مغربی بنگال، اڑیسہ اور بنگلادیش میں طوفان کی وجہ سے 100سے زائد افرا د لقمہ اجل بن گئے تھے۔ دوسری جانب شمال مشرقی ریاست آسام میں مسلسل 3روز سے جاری بارش کے باعث تودے گرنے سے 10بچوں سمیت ایک ہی گاؤں کے 20افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 7افراد بھی شامل ہیں۔ آسام کی وادی باراک میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی مکان تباہ ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے سے مزید لاشیں مل سکتی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ شدید بارش اور سیلاب کے باعث آسام میں اب تک 2لاکھ مکانات تباہ ہوچکے ہیں، جب کہ ساڑھے 6ہزارایکڑ پر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔