سیاست میں رہ کرسیاستدان مافیازکی مددکرتےہیں،وزیر اعظم

813

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ سیاست میں رہ کرکرپٹ سیاستدان مافیازکی مددکرتےہیں، مافیازنےسیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے، حکومت کاچینی اسکینڈل پرتحقیقات اوررپورٹ پبلک کرناتاریخی اقدام ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت عوام کوانصاف کی آسان اورفوری فراہمی کیلئےقانونی اصلاحات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے موجودہ دورحکومت میں انصاف کے نظام میں کی جانے والی اصلاحات پر بریفنگ دی ۔

 وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متعلقہ قوانین میں اصلاحاتی عمل اورٹیکنالوجی کے استعمال سے نظام میں بہتری آئے گی، سالہا سال سے التوا  کا شکار رہنے والے مقدمات کی تکمیل کیلئے ایک وقت مقرر کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید فارنزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انصاف کےموجودہ نظام پرعوام کا اعتماد بہت حد تک متزلزل ہوچکا ہے، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آئندہ ہفتے اہم فیصلے کیے جائیں گے، موجودہ حکومت کی اولین ترجیح معاشرے کے کمزور، بے بس اورلاچار طبقات کی آواز بننا ہے۔

عمران خان نے فروغ نسیم، بابر اعوان اور اٹارنی جنرل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت دی کہ کمیٹی قانونی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے ٹائم لائنز پرمبنی روڈ میپ تیار کرے،مقدمات کے اندراج، تفتیش، جیل خانہ جات میں اصلاحاتی عمل کے حوالے سے بھی روڈ میپ بنایا جائے، فوجداری مقدمات کےنظام میں اصلاحات اورتھانہ کلچرمیں تبدیلی لائی جائے ۔