زائرین کو اسکریننگ اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے بعد وطن بھیجا جاتا ہے، ایرانی سفارتخانہ

407

ایرانی سفارتخانہ نے واضح کیا ہے کہ زائرین کو اسکریننگ اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے بعد وطن واپس بھیجا جاتا ہے۔

ایرانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زائرین کو ویزہ کی مدت میعاد ختم ہونے پر واپس بھیجا جاتا ہے جب کہ ویزہ ہولڈر جب واپس جانا چاہتے ہیں انہیں وطن بھیج دیا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق وطن واپسی سے قبل زائرین کو اسکریننگ کے عمل سے گزارا جاتا ہے اور بااختیار اسپتال انہیں ہیلتھ سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔

ایرانی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی حکومتیں مل کر کام کررہی ہیں اور توقع ہے پاکستانی میڈیا بحران میں حقیقت پسندانہ رویہ اپنائے گا اور عوام کی صحت کو محفوظ بنانے کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ تفتان بارڈر پر ایران سے آنے والے زائرین کے بارے میں کہا گیا تھا کہ انہیں بغیر اسکریننگ اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے پاکستان میں داخل کردیا گیا تھا جس کے بعد سرحد پر قرنطینہ قائم کر کے زائرین کی اسکریننگ کی گئی اور ان کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے۔