عالمی اور ایشیائی بینک کا پاکستان کیلیے53.80کروڑ ڈالرامداد کا اعلان

216

اسلام آباد( آن لائن )کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو مالی امداد کی پیشکش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مجموعی طور پر 35کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔جس میں سے 5 کروڑ ڈالر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دیے جائیں گے۔ عالمی بینک نے بھی 18کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کی پیشکش کر دی، رقم فوری طور پر اسپتال منتقل کی جائے گی۔پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان معاہدے جلد متوقع ہے۔یہ فنڈز کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے این ڈی ایم اے کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے۔ اے ڈی بی کی طرف سے بھی 5 کروڑ ڈالر فوری جاری کیے جانے کا امکان ہے بکہ دوسری جانب انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ عوام کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے عالمی طبی بحران کے معاشی اثرات سے تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز میں کہا گیا کہ جو سب سے زیادہ متاثر ہیں انہیں اپنی غلطی کے بغیر دیوالیہ کا شکار نہیں ہونا چاہیے، سیاحت پر انحصار کرنے والے ملک میںایک ریسٹورنٹ یا قرنطینہ کی وجہ سے بند ہونے والی فیکٹری کے ملازمین کو اس بحران میں تعاون کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف نے بتایا کہ ان کے پاس 50ارب ڈالر ہنگامی تعاون کے لیے دستیاب ہیں جسے وہ وائرس سے متاثرہ ممالک کی مدد کریں گے ۔بیان میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ ہمیں اس کے بدلے صرف یہ ضمانت چاہیے کہ لوگ پیسوں کی وجہ سے مریں گے نہیں،فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ادارہ مالی تعاون کے لیے ہم سے رابطہ کرنے والی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کو 40 ارب ڈالر فراہم کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اپنے رکن ممالک، بالخصوص خطرات کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے۔