بھارت میں متنازع قانون، احتجاج کرنے والے طلباء پر فائرنگ

448

نئی دہلی: بھارت میں متنازع قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر ایک شخص نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں  ایک طالب علم زخمی ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے قریب نئے شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ اور دیگر افراد پر ایک شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔

موقعے پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص نے پہلے ان پر زور زور سے  نعرے بازی کی ”کون آزادی چاہتا ہے میں تمہیں آزادی دوں گا” اور پھر اچانک فائرنگ کردی۔

زخمی ہونے والے طالب علم شاداب نجار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، شاداب نجار جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کا طالب علم ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس کی شناخت گوپال کے نام سے ہوئی ہے۔