ایران کی ایلیٹ قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قانی نے قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے بزدلانہ کارروائی میں میرے پیش رو کو قتل کیا لیکن ہم دشمن کو مردانہ وار کارروائی میں ماریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق القدس فورس کے نئے کمانڈر اسماعیل قانی نے یہ اعلان اسلامی پاسداران انقلاب کے اہلکاروں سے تعارفی تقریب کے دوران کیا۔
اسماعیل قانی نے کہا کہ امریکا نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایک بزدلانہ کارروائی میں قتل کیا تھا، ہم اللہ کی تائید و نصرت اور دنیا بھر میں آزادی کے متلاشی افراد کے ساتھ مل کر ،جو خون کا انتقال لینے کے لیے تیار ہیں ، ہم اپنے دشمن کو مردانہ وار کارروائی کے ذریعے ہدف بنائیں گے۔
اسماعیل قانی 1950 میں ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے ایرانی پاسداران انقلاب کو 1980 میں جوائن کیا تھا۔ ابتدائی طور پر انہیں پاسداران انقلاب کی بری فوج کا ڈپٹی چیف مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں القدس فورس کا ڈپٹی مقرر کیا گیا۔