عمران خان اپوزیشن کی عیاشیوں کی راہ میں ر کاوٹ ہیں ،فردوس عاشق

376

سیالکوٹ،اسلام آ باد(مانیٹر نگ ڈیسک+اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کی عیاشیوں کی راہ میں ر کاوٹ ہیں،پی آئی سی حملے کا واقعہ افسوسناک تھا اور قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا ہے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو اپنے مفاد کا درد ہے،وزیر اعظم کے حوالے سے ڈیڈ لائن دینا ان کی منفی سوچ کی عکاسی ہے،مولانا فضل الرحمن اپنے مشن میں ناکام ہوگئے ،سیاسی یتیموں کا ٹولہ سیاسی محاذ پر زندہ رہنے کے لیے چٹکلا چھوڑتا رہتا ہے، جنہیں عوام نے مسترد کردیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں،اپوزیشن کو عمران خان سے بغض یہ ہے کہ عمران خان ان کی عیاشیوں کی راہ میں رکاوٹ ہے، اقتدار کے لیے یہ لوگ ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے مچھلی بغیر پانی کے تڑپتی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کو پٹری سے اتاردیاتھا لیکن عمران خان کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی،عالمی سطح پر معیشت سے متعلق مثبت خبریں آرہی ہیں۔مریم اورنگزیب پر تنقید کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ (ن) لیگی خاتون ترجمان منفی دعوئوں کو ثابت کرنے پر تلی ہوئی ہیں،لاعلمی کی بنیاد پر مسلم لیگی ترجمان کی طرف سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے، نواز شریف کو عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دی، وہ بیرون ملک گئے تو ان کے بیمار چہرے کو بھی عوام نے دیکھ لیا،سیاسی قیدی کے خلاف نیب میں انکوائریاں چل رہی ہیں،سیاسی قیدی کے لیے خصوصی طیارہ استعمال کیا گیا۔پی آئی سی حملے کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قانون کے محافظوں نے بدقسمتی سے قانون کو ہاتھوں میں لیا، قانون کے رکھوالوں نے قانون کو پیروں تلے روندا،پی آئی سی حملے کا واقعہ افسوسناک تھا، اس کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں، کالے کوٹ والوں نے اپنے بازو سے قانون کو چیلنج کیا،حکومت قانون کے مطابق ذمے داران کے خلاف کارروائی کرے گی، اسپتال میں ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کے لیے قانون لانے کا فیصلہ کیاہے،24گھنٹے میں اسپتال کی تعمیر کرکے فعال کیا جارہا ہے،اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اسمبلی میں بل لایا جارہاہے۔اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے،ہم سب ایک صحت مند پاکستان کے لیے یکجان اور پرعزم ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ انسداد پولیو مہم کے ذریعے اس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں اورمعاشرے کو صحت مند بنائیں۔ فردوس عاشق نے کہا کہ بچوں کوپولیو کے قطرے پلانا اشد ضروری ہے،اس ضمن میں عوام میں مزید آگاہی اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے، پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں،اْن پولیو ورکرزکو سلام پیش کرتے ہیں جو شدت پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بننے کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔