حریم شاہ کی دوست ان کی حمایت میں بول پڑیں

993

دفتر خارجہ کی ویڈیو بنانے والی معروف ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی دوست صندل خٹک ان کی حمایت میں بول پڑیں۔

نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے صندل خٹک نے کہا ہے کہ حریم شاہ نے ویڈیو بناکر کوئی غلط کام نہیں کیا، دفتر خارجہ میں کوئی جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل حریم شاہ نے دفتر خارجہ کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی جس کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا تھا۔

دفتر خارجہ اسلام آباد کے ریڈ زون علاقے میں واقع ہے جہاں عام لوگوں کی رسائی ممنوع ہے۔ ٹک ٹاک اسٹار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیکیورٹی سے متعلق کئی سوالوں نے جنم لیا ہے۔

ویڈیو نے انتظامیہ کو سوچنے پر مجبور کر دیا تھا کہ ان کو دفتر تک رسائی کیسے ملی؟ تنازع کی تحقیقات تاحال جاری ہے۔

ویڈیو دفتر کے کانفرنس حال میں بنائی گئی ہے جہاں وزیر خارجہ غیر ملکی سفارتکاروں اور اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔

متنازع ویڈیو کے حریم شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مجھے وزیر خارجہ سے ذاتی کام تھا اور اس لیے میں اُن سے ملنے دفتر خارجہ گئی تھی۔ تاہم دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

حریم شاہ کون ہیں؟

حریم شاہ ویڈیو شئیرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور ہیں۔ ماضی میں انہوں نے کئی سیاستدانوں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر شئیر کی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کے ساتھ ویڈیو بناکر اپلوڈ کی تھی جس میں ان کی دوست صندل خٹک بھی موجود تھی۔

حریم شاہ نے اب تک جن سیاستدانوں کے ساتھ ویڈیوز بناکر وائرل کی ہیں ان میں وزیراعظم عمران خان، وزیر ریلوے شیخ رشید، علیم خان اور جہانگیر ترین شامل ہیں۔