ہانگ کانگ کی سربراہ کیری لیم نے مرکزی مسجد کی خوبصورتی خراب ہونے پر معافی مانگ لی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہانگ کانگ میں ملزمان کو چین حوالگی سے متعلق قانون سازی کیخلاف حکومت مخالف پُرتشدد فسادات کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اُن پر نیلے رنگ کا پانی پوری پریشر سے پھینکا گیا تاہم یہ رنگ مرکزی شاہراہ پر واقع ہانگ کانگ کی سب سے بڑی مسجد پر بھی لگ گیا جس سے بیرونی دیواریں اور سیڑھیاں داغدار ہوگئیں اور اندورنی حصے میں بھی نیلا پانی بھر گیا تھا۔
آج صبح جب ہانگ کانگ کی سربراہ کیری لیم پولیس چیف کے ہمراہ مسجد کے دورے پر پہنچیں تو مسجد کے منتظمین نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلمان شہریوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی۔ کیری لام نے بتایا کہ وہ خود اس واقعے پر معذرت کرنے آئی تھیں جسے قبول کر لیا گیا ہے۔ کیری لیم کی ہدایت پر مسجد کے در و دیوار کو صاف کیا گیا۔ ہانگ کانگ میں تین لاکھ مسلمان آباد ہیں۔