امریکا میں 30دن کے اندربیمہ نہ کرانے والوں کو بے دخل کرنے کی منظوری

92

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسے تارکین وطن کا داخلہ معطل کرنے کے اعلامیے پر دستخط کردیے ہیں جو امریکا میں داخل ہونے کے 30 دن کے اندر اپنا صحت کا بیمہ نہیں کرائیںگے۔ وائٹ ہائوس سے جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ اس اقدام سے پناہ کے لیے کسی فرد کی اہلیت یا پناہ گزین کی حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔ فیصلے کا اطلاق 3 نومبر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ہی سے صدر ٹرمپ نے پناہ گزینوں اور تارکین وطن سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنانے کی حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے۔ امریکی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ 2020ء میں صرف 18 ہزار پناہ گزینوں کو امریکا میں داخلے کی اجازت دے گی۔ پناہ گزینوں کی آباد کاری کے نئے پروگرام کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد بغیر معاوضہ ادا کیے صحت کی سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں جس سے صحت عامہ کا شعبہ مختلف مسائل سے دوچار ہو رہا ہے۔