مسائل حل ہونے تک احتجاجی کیمپ جاری رہے گا، سید عبدالرشید

407
جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید لیاری میں احتجاجی کیمپ سے خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید لیاری میں احتجاجی کیمپ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ لیاری کے تمام مسائل پر سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی ہے اور آگے بھی مقدمہ لڑوں گا اور سڑکوں پر بھی عوام کے ساتھ
رہوں گا،اگر لیاری کے مسائل حل نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہائوس پر دھرنا دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کوحقوق دو عوامی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ احتجاجی کیمپ عوام کی طاقت اور مسائل کے مستقل حل کے لیے قائم کیا ہے۔بحیثیت ایم پی اے حکومت سندھ سے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کرواتا ہوں لیکن مقامی چالیس چور بلڈرز کردیتے ہیں۔احتجاجی کیمپ لگنے کے بعد کام شروع ہوا ہے اور کام تو ہوگا کیونکہ وزیر بلدیات کی ہدایات جو آئی ہیں۔ بحیثیت رکن سندھ اسمبلی اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے لیاری کے تمام مسائل پر آواز اٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک ملنے والی اپنی تنخواہ اور الاؤنسز کی مد میں 29لاکھ روپے پانی سیوریج ،انسداد منشیات ،اسپورٹس مین اور باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیم و ترقی پر خرچ کیے ہیں ۔جب میں اپنی تنخواہ تک عوامی بہبود پر خرچ کررہا ہوں تو سرکاری وسائل اور بجٹ کاحساب تو مانگوں گا۔ انہوں نے کہا کہ لیاری سے گٹر اور پانی کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاجی عوامی کیمپ مسائل کے حل تک جاری رہے گا ۔مسائل حل نہ ہوئے تو اگلے مرحلے میں پورے لیاری میں کیمپ لگاؤں گا ۔اگر پھر بھی شنوائی نہ ہوئی اکیلا وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دوں گا۔