عالمی امن و سلامتی کیلیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے،پاکستان کا موقف

172

اقوام متحدہ(اے پی پی) پاکستان نے فلسطینی نصب العین کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پرزور دیا ہے تا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام ہو
پاکستان کے نمائندہ محمد ذوالقرنین نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطٰی میں بالخصوص فلسطین کے مقبوضہ عوام کے لیے پائیدار امن نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو ختم نہیںکیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے فلسطینی عوام اقوام متحدہ کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں جنہیں مایوس نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل منصوبہ بندی کے تحت مسئلہ فلسطین کے حل سے متعلق عالمی اتفاق رائے کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بلا روک ٹوک یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے اور تنازع کے 2ریاستی حل کے امکان کو ختم کر رہا ہے۔ انسانیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جدید دور میں غزہ کی پٹی میں روزانہ سانحات ہورہے ہیں جہاں عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں لاکھوں لوگوں کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے بار بارکہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کامذاکرات کے علاوہ کوئی اور حل نہیں ہوسکتا۔
پاکستان کا موقف