ملک کے حکمران وسائل کی لوٹ مار میں ملوث ہیں، راشد نسیم

402

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک کے حکمران وسائل کی لوٹ مار میں ملوث ہیں، ان کے ہوتے ہوئے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو گیا، ایک طرف حکمرانوں کے ہاں دولت کی ریل پیل ہے اور ان کی اولادیں اور جائدادیں بیرون ملک ہیں۔

منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہاکہ  دوسری جانب عوام روٹی کے لقموں کے لیے ترس رہے ہیں، گزشتہ 75برسوں سے ملک میں سارے تجربات ہو چکے، اب وقت آ گیا ہے کہ اسے اسلامی نظام دیا جائے۔ اسلامی نظام صرف جماعت اسلامی ہی قائم کر سکتی ہے اور اسی کے لیے وہ اپنے کارکنوں کی تربیت کر رہی ہے۔

راشد نسیم نے ”اسلامی حکومت کیوں ضروری ہے” کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی حکومت میں انسان انسانوں کے غلام نہیں ہوں گے بلکہ اللہ کی حاکمیت قائم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ  اگر جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام لانا چاہتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ اس سے جماعت اسلامی کی حکومت قائم ہو گی بلکہ اصلاً یہ اللہ کی حکومت ہو گی۔

راشد نسیم  نے کہا کہ اسلامی نظام میں لوگوں کا مال، عزت، آبرو محفوظ ہو گی اور امن اور ترقی آئے گی، پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کو دین فطرت کی ضرورت ہے اور اسی سے ہی انسانیت کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔