گمشدہ بچوں کی تلاش: 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

410
گمشدہ بچوں کی تلاش: 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

کراچی:لاپتا اور گمشدہ بچوں کی تلاش میں مدد کے لیے 15 مددگار کو صارم برنی ٹرسٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گمشدہ بچوں کی تلاش کے سلسلے میں ایک اہم قدم سامنے آیا ہے، ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے صارم برنی ٹرسٹ کا دورہ کر کے فلاحی خدمات میں سیکیورٹی ڈویژن کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمدنے کہاکہ مددگار ون فائیو صارم برنی ٹرسٹ کے ساتھ مل کر عوامی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرے گی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے لاپتا اور گمشدہ بچوں کا سراغ لگائے گی۔

ڈاکٹر مقصود احمد کے مطابق صارم برنی ٹرسٹ عنقریب ایک موبائل ایپلیکیشن کا بھی افتتاح کر رہا ہے، جسے مددگار ون فائیو کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے شیلٹر ہوم کا بھی دورہ کیا، اس دوران بزرگوں اور بچوں سے ملے اور ان کی داد رسی کی، ان کا کہنا تھا کہ جب ہم غم زدہ لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں تو روحانی سکون اور اطمینان محسوس کرتے ہیں۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی کے مطابق سندھ پولیس خاص طور پر سیکیورٹی ڈویژن نے اپنی خدمات میں مصروف ہے، اس کے ساتھ معاشرے میں ہونے والی سماجی نا انصافیوں پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

صارم برنی نے کہاکہ ٹرسٹ لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کے لیے ہے، ہم ان کے حالات زندگی کو بہتر بنانے، اور انھیں انصاف دلوانے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔