امریکی یوم آزادی پر پریڈ کے دوران اندھا دھند فائرنگ، 6 افراد ہلاک

435

شکاگو: امریکا میں یوم آزادی کے سلسلے میں نکلنے والی پریڈ پر اندھا دھند فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ریاست الینوائے کے شہر شکاگو کے علاقے ہائی لینڈ پارک میں یوم آزادی کی پریڈ جاری تھی کہ نامعلوم شخص نے اس موقع پر موجود افراد پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے 6 افراد موقع ہی پر ہلاک ہو گئے جب کہ دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں پریڈ کے مقام پر پہنچیں جہاں انہوں نے لاشوں کو اسپتال روانہ کیا اور فائرنگ کے مقام کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کیے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کی پریڈ شروع ہو ہوئی تھی کے 10 کے بعد ہی ایک سپر اسٹور کے اوپر سے گولیاں برسنا شروع ہو گئیں۔ اس صورت حال میں خود کو بچانے کے لیے پریڈ کے شرکا میں بھگدڑ مچ گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا نامعلوم شخص موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پریڈ پر گولیاں برسانے والے شخص کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز اور مختلف علاقوں میں حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے۔