ائرپورٹس پر مسافروں سے 50 ہزار ڈیوٹی وصول کرنے کا حکم نامہ معطل

467

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈوں پر فضائی مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 50 ہزار روپے  وصول کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکم نامے کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے مسافروں کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ائرپورٹس پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی تحقیقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ایف ای ڈی کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی؟۔

وزیر اعظم نے کہاہے کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑاانہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں۔ جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے انہیں رقوم واپس کی جائیں۔

وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔