نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، وزیراعظم

784
نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، وزیراعظم

لوئو دیر:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ نے ہمیں اجازت ہی نہیں دی کہ ہم نیوٹرل ہوجائیں، جانور نیوٹرل ہوتا ہے، جانور میں اچھے برے کی تمیز نہیں ہوتی، انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔

لوئر دیر کے علاقہ تیمر گرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ انسان کو غیرت دیتا ہے، جب وہ خدا کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتا تو اسے عزت ملتی ہے، میں نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ آئندہ جھکوں گا، قوم کسی کے سامنے جھکتی ہے تو اس ملک کی کوئی عزت نہیں کرتا، جب تک آپ میں غیرت ہے دنیا آپ کی عزت کرے گی، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانا میرے منشور کا حصہ ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا یہ تھری اسٹوجز ہیں، یہ تینوں اکٹھے ہو گئے ہیں، یہ تینوں وہ لوگ ہیں جو 35 سال سے ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے نریندر مودی کے خلاف ایک بار بھی بات نہیں کی، بلکہ اس نے اپنے دفتر خارجہ کے ترجمان کو کہا کہ ہندوستان کے خلاف کوئی بیان جاری نہ کیا جائے وجہ یہ ہے کہ نواز شریف کا پیسہ ہندوستان میں بھی پڑا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا نواز شریف امریکی صدر کے ساتھ بیٹھا تھا ہاتھ میں پرچی پکڑی ہوئی تھی، نواز شریف کے ہاتھ میں پرچی اور کانپیں ٹانگ رہی ہیں، نواز شریف اتنا گھبرایا ہوا بیٹھا ہے کہ اس کے آقا ناراض نہ ہو جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیزل نے ابھی پریس کانفرنس میں کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو ادارے کو ٹھیک کریں گے، عمران خان نے کہا کہ آپ ادارے کو کیسے ٹھیک کریں گے؟ آپ تینوں (آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان) نے جس ادارے کو ہاتھ لگایا اسے تباہ کردیا، عدالتوں پر حملے کیے، ججز کو خریدا، میڈیا کو رشوت دی، وہ جو ملک سے باہر بیٹھا ہے اس کے بارے میں کہا گیا کہ اسے بھگوڑا نہ کہیں، وہ بھگوڑا بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے جو بیماری کا کہہ کر باہر چلا گیا۔

انہوں نے فضل الرحمان کے بارے میں کہا کہ انہوں ںے امریکی انتظامیہ کو کہا کہ مجھے بھی ایک موقع دیا جائے اور تیسرا آصف زرداری جو ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے جس نے کہا تھا کہ مجھے ملک کی فوج سے بچالو، کیا زرداری فوج کو ٹھیک کرے گا؟

یورپی یونین کی مذمت والے بیان پر شہباز شریف کی تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے مغرب سے کہا مجھے موقع دیا جائے میں آپ کی بڑی خدمت کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک سوئنگ یارکر سے تینوں ڈاکوؤں کی وکٹ گرادوں گا، یہ تینوں مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں، یہ دھمکی دیتے ہیں کہ اگر ہمارے کرپشن کیسز کھولے تو تمہاری حکومت گرادیں گے، حکومت چھوٹی چیز ہے میں تو اس کے لیے جان بھی دے سکتا ہوں کیوں کہ میں برائی کے خلاف جہاد لڑ رہا ہوں، تین چوہے نکلے ہیں میرا شکار کرنے کے لیے انشااللہ ان کا شکار ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے ہمیں اجازت ہی نہیں دی کہ ہم نیوٹرل ہوجائیں، جانور نیوٹرل ہوتا ہے، جانور میں اچھے برے کی تمیز نہیں ہوتی، انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔