مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

420

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

چند روز قبل مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی آڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ بعض چینلز کے اشتہارات روکنے کا حکم دے رہی تھی، گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازسے جب پریس کانفرنس میں آڈیو سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا کہ چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق آڈیو میری ہی ہے۔

مریم نواز کے اعتراض پر وفاقی وزرا کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا، اور اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر توانائی نے پریس کانفرنس بھی کی تھی، فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کا اشتہارات کنٹرول کرنے کا اعتراف سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے، امید ہے وہ بیرون ملک جائیدادوں کا بھی اعتراف کرلیں گی۔

اب وزارت اطلاعات و نشریات نے مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی ن لیگ کے دور حکومت میں میڈیا کو جاری کئے جانے والے اشتہارات میں بے ضابطگیوں اور میڈیا سیل کے ذریعے من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی سرپرستی میں قائم میڈیا سیل کے ذریعے قومی خزانے سے وفاقی حکومت کے 9 ارب 62 کروڑ 54 لاکھ 3 ہزار 902 روپے خرچ کئے گئے، مذکورہ میڈیا سیل سے پنجاب کی ایڈورٹائزمنٹ کو کنٹرول کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، تحقیقاتی کمیٹی میڈیا سیل کے ذریعے سرکاری رقوم کے غیر قانونی استعمال کے معاملات کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔