پولیس نے ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے پر شہریوں کوپریشان کرنا شروع کردیا

472

کراچی : پولیس حکام ویکسی نیشن سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات سمجھنے سے قاصر ہے، راہ چلتے افراد کو کارڈ نہ ہونے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے سرکاری ملازمین کے  ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے کے بجائے مختلف علاقوں میں ناکا بندی کرکے شہریوں کے ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنا شروع کردیے۔

سہراب گوٹھ کے قریب ناکا بندی کرکے 2افراد کو کارڈ نہ ہونے پر گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیا، شہر بھر میں اب تک 37افراد کو ویکسی نیشن کارڈ نہ دکھانے پر گرفتار کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات واضح نہ ہونے پر ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے پر شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار پہلے ہی مختلف بہانے بناکر پیسے بٹورتے ہیں اور اب مزید محکمہ داخلہ سندھ کےاحکامات کے بعد ویکسین کارڈ نہ ہونے کی صورت میں کمائی  کرنے کا موقع مل گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں آئے روز اضافہ ہورہاہے ، جس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت سمیت پولیس کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آتے ، کورونا کی آڑ میں پہلے پولیس والوں نے لاک ڈاؤن میں جینا دوبھر کیا تھا اور اب ویکسین کارڈ کی آڑمیں پیسے بٹورے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے پبلک ڈیلنگ کرنے والے  مختلف شعبوں کے متعلقہ افراد کے ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے کا حکم دیا تھا۔