راولپنڈی میں خاتون پر تشدد کرنے والا ملزم پکڑا گیا

417

راولپنڈی: پولیس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص خاتون پر تشدد کر رہا ہے تاہم خاتون ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگ رہی ہے۔ پولیس نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد تشدد کرنے والے ملزم حماد شاہ کو گرفتار کرلیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو پر سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے فیلڈ افسران کو فوری کارروائی کا حکم دیا تھا، پولیس ٹیم نے آج ملزم حماد شاہ کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین پر جبر و تشدد قطعاً برداشت نہیں، راولپنڈی پولیس ایسے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر کار فرما ہے۔

متاثرہ خاتون کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم رشتہ دار ہے، مجھے طلاق دلوا کر شادی کرنا چاہتا تھا، ملزم نے انکار پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔