ڈڈھوچہ ڈیم کی زمین پر خریدوفروخت، پنجاب حکومت اور بحریہ ٹاؤن کو نوٹس جاری

439

سپریم کورٹ نے ڈڈھوچہ ڈیم کی زمین پر پلاٹ بنا کر خریدو فروخت سے متعلق کیس میں پنجاب حکومت، بحریہ ٹاوَن  اور دیگرکو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ  میں  ڈڈھوچہ ڈیم کی زمین پر پلاٹ بنا کر خریدو فروخت  سے متعلق کیس  کی سماعت ہوئی تو درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ڈیم کی تعمیر جاری ہے،بحریہ ٹاؤن اور دیگر متعلقہ زمینیں فروخت کر رہے ہیں جس پر چیف جسٹس  گلزار احمد نے پوچھا کہ ڈیم بن رہا ہے تو پھر عدالت مزید کیا کر سکتی ہے؟

درخواست گزار نے کہا کہ ڈیم بھی بن رہا ہے اور پلاٹ بھی  فروخت کیے جا رہے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ اتنا سب کچھ ہورہا ہے تو چیف سیکریٹری پنجاب کیا کر رہے ہیں؟

درخواست گزار نے جواب دیا کہ متعدد بار خطوط بھیجے لیکن چیف سیکریٹری نے کوئی اقدامات نہیں کیے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت کیا کرے گی جو ڈیم بنا رہے ہیں وہی ان معاملات کو دیکھیں گے۔

عدالت نے پنجاب حکومت، بحریہ ٹاوَن  اور دیگرکو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے ڈڈھوچہ ڈیم کی تعمیر اور زمین کی تفصیلات طلب کر لیں۔

سپریم کورٹ نے  ڈڈھوچہ ڈیم  سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔